پائلٹ نے طیارہ میں اپنی محبوبہ کو شادی کی پیشکش کردی

0
پائلٹ نے طیارہ میں اپنی محبوبہ کو شادی کی پیشکش کردی

: ایک لبنانی پائلٹ نے اپنی محبوبہ کو اس وقت ایک حیران کن سرپرائز دیا ۔

حیدرآباد: ایک لبنانی پائلٹ نے اپنی محبوبہ کو اس وقت ایک حیران کن سرپرائز دیا جب انہوں نے طیارے کے ٹیک آف ہونے سے قبل 245 مسافروں کے سامنے انہیں شادی کی پیش کش کی۔ مڈل ایسٹ ایئرلائنز کے کیپٹن ابراہیم خطیب نے یہ لمحہ کو حیران کن بنانے کیلئے مسافروں کیلئے اناؤنسمنٹ کے نظام سے شادی کیلئے اپنی محبوبہ سے دریافت کیا۔
اس حیران کن لمحہ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، ابراہیم خطیب کو طیارے کے کاک پٹ میں مسافروں سے بات کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’عزیز مسافرو! میں اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے آج طیارے میں ایک بہت خاص مسافر کو خوش آمدید کہنا چاہتا ہوں۔ ان کا نام شيرين الحاج شحاده ہے۔ کیا آپ براہِ مہربانی کھڑی ہو سکتی ہیں؟‘
شيرين جو طیارے میں ہی سوار تھیں، یہ سن کر کھڑی ہو گئیں۔ خطیب نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’میں آپ کو 245 مسافروں کے سامنے بتانا چاہتا ہوں کہ میں آپ سے بے انتہا پیار کرتا ہوں اور میں نے زندگی بھر آپ کے ساتھ رہنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔‘
شيرين الحاج شحاده نے یہ سن کر ہنستے ہوئے حیران رہ گئی۔ شیرین کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو جھلک آئے جبکہ طیارہ میں سوار مسافرین تالیاں بجا رہے تھے۔ ابراہیم خطیب نے مزید کہا کہ ’اب میں آپ سے ایک مشہور سوال پوچھوں گا: کیا آپ مجھ سے شادی کریں گی؟‘
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کئی مسافر شیریں کو کہتے ہیں کہ وہ ہاں کہہ دیں، اور وہ خوشی سے سرشار لہجے میں کہتی ہیں کہ ’میں یقینی طور پر (شادی) کروں گی۔‘ تالیوں کے شور میں اور خوشی سے روتے ہوئے وہ کاک پٹ کے باہر موجود خطیب سے ملنے کے لیے جاتی ہیں۔
دوسری جانب ابراہیم خطیب بھی اپنی سیٹ سے اٹھتے ہیں، پائلٹ جیکٹ پہنتے ہیں اور ایک چھوٹا سا جیولری باکس پکڑ کر باہر نکلتے ہیں۔ جب دونوں ملتے ہیں تو ایک دوسرے کے گلے لگتے ہیں اور پھر خطیب اپنی محبوبہ کو منگنی کی انگوٹھی پہناتے ہیں۔ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ کس ایئرپورٹ پر پروپوز کیا گیا یا فلائٹ کہاں جا رہی تھی۔
سوشل شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر صارفین اس ویڈیو کو بہت پسند کر رہے ہیں۔ ایک صارف نے ویڈیو پر کمنٹ کیا کہ ’مبارک باد، یہ بہت خوب صورت ہے۔‘ ایک اور صارف نے لکھا کہ ’بہت پیارا اور کوئی راستہ نہیں! یہ اتنی خوب صورت اور ناقابل فراموش پروپوزل ہے۔‘

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *